جمعه,  10 اپریل 2026ء
اے این ایف کا ملک بھر میں کریک ڈاؤن، 9 ملزمان گرفتار، بھاری مقدار میں منشیات برآمد

اسلام آباد(عرفان حیدر) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 4 مختلف آپریشنز کے دوران 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں میں مجموعی طور پر 87 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 49.7 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، جن میں چرس، آئس اور ہیروئن شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی سے 28.8 کلوگرام چرس اور 500 گرام آئس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

اسی طرح بیدیاں کلاں، شیخوپورہ کے قریب موٹر سائیکل سوار 3 ملزمان کے قبضے سے 10 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔

کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں ایک ملزم کے قبضے سے 6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ لاہور کے قریب کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ پر ایک گاڑی سے 4.4 کلوگرام ہیروئن برآمد کر کے 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

اے این ایف حکام کے مطابق تمام کارروائیوں کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں