هفته,  04 اپریل 2026ء
اے این ایف کا ملک بھر میں کریک ڈاؤن: خاتون سمیت 4 ملزمان گرفتار، 13 کلو سے زائد منشیات برآمد

اسلام آباد(عرفان حیدر) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) کا ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے دوران تین مختلف کارروائیوں میں خاتون سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 12 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 13.34 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔

اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 8 ملزمان گرفتار

تفصیلات کے مطابق کراچی میں واقع ایک کوریئر آفس میں نیوزی لینڈ بھیجے جانے والے پارسل کی تلاشی کے دوران ہاکی بال میں مہارت سے چھپائی گئی 1.54 کلوگرام آئس برآمد کر لی گئی، جبکہ ایک ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔

دوسری کارروائی پشاور کے علاقے کارخانو مارکیٹ کے قریب کی گئی، جہاں دو موٹر سائیکل سوار ملزمان سے تین کوکروں میں چھپائی گئی 7.2 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔

تیسری کارروائی اسلام آباد کے قریب سنگجانی ٹول پلازہ پر کی گئی، جہاں ایک مسافر خاتون کے قبضے سے 4.6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

اے این ایف حکام کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں