جمعه,  03 اپریل 2026ء
ایف آئی اے اسلام آباد زون میں بدعنوانی اور نااہلی پر سخت کارروائی، افسران کو سزائیں

اسلام آباد(عرفان حیدر) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے اسلام آباد زون میں نااہلی، غیر پیشہ ورانہ رویے اور بدعنوانی پر سخت کارروائی کرتے ہوئے متعدد افسران کو سزائیں سنا دی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق لیڈی کانسٹیبل اقراء اور اے ایس آئی اسفند یار کو ملازمت سے برخاست (ڈسمس فرام سروس) کر دیا گیا، جبکہ انسپکٹر زاہد بھٹی اور سب انسپکٹر حسن علی کو معطل کر دیا گیا ہے۔ معطل افسران کو ایف آئی اے کی ایڈمن برانچ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون نے ان اقدامات کو نااہلی اور بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ادارے میں غیر پیشہ ورانہ رویہ اور بدنیتی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے اسلام آباد زون کے تمام افسران کو دوبارہ وارننگ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض میں مکمل چوکس رہیں، بصورت دیگر مزید سخت سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ فرائض میں غفلت، نااہلی اور بدعنوانی پر مزید کارروائیاں بھی کی جائیں گی اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزید خبریں