اسلام آباد(عرفان حیدر) اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے خاتون سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق 7 مختلف کارروائیوں کے دوران تقریباً 24 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 20 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں جن میں آئس اور چرس شامل ہیں۔
تعلیمی اداروں کے قریب کارروائی کے دوران اٹک میں حاجی شاہ موڑ کے قریب ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے ایک کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزم نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرتا تھا۔
ایک اور کارروائی میں اقبال شہید ٹول پلازہ اٹک کے قریب رکشے سے 7 اعشاریہ 2 کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 4 گرفتار
اسی طرح جھنگ کے علاقے لک بدھر میں ایک ہوٹل کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے قبضے سے 4 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔
ادھر کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ کے قریب رکشے سے 3 کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
انسدادِ منشیات فورس نے اقبال شہید ٹول پلازہ کے قریب ایک اور کارروائی میں گاڑی سے 2 اعشاریہ 4 کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزم کو حراست میں لے لیا، جبکہ اسی مقام پر مسافر وین میں سوار ایک خاتون کے قبضے سے بھی ایک اعشاریہ 2 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
مزید برآں پشاور کی رنگ روڈ پر واقع ایک کوریئر دفتر میں کارروائی کے دوران برقی چولہے میں چھپائی گئی ایک اعشاریہ 2 کلوگرام چرس بھی برآمد کر لی گئی۔
ترجمان کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔











