راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) سی پی او راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس نے شہر بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر اور بھرپور کارروائیاں جاری رکھیں، جن کے دوران پتنگ سپلائرز، اشتہاری مجرمان، پیشہ ور گداگروں، منشیات فروشوں، ناجائز اسلحہ رکھنے والوں اور قمار بازی میں ملوث افراد کو گرفتار کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس نے پتنگ سپلائرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 06 افراد کو گرفتار کر کے سینکڑوں پتنگیں اور ڈوریں برآمد کیں۔ زیرِ حراست ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق پتنگ بازی ناقابل ضمانت جرم ہے اور اس خونی کھیل میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے آگاہی واکس اور سیمینارز کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے۔
نیو ٹاؤن پولیس نے چیک ڈس آنر کے مقدمات میں مطلوب دو اشتہاری مجرمان کو گرفتار کر لیا، جو گزشتہ ایک سال سے پولیس کو مطلوب تھے۔ اسی طرح راول ڈویژن پولیس نے امانت میں خیانت کے مقدمات میں مطلوب دو مزید اشتہاریوں کو گرفتار کیا، جن میں ایک 2024 اور دوسرا 2022 سے مطلوب تھا۔ ایس پی راول سعد ارشد کے مطابق اشتہاری مجرمان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
سی پی او کی ہدایت پر پیشہ ور گداگروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں 25 روز کے دوران 292 بھکاری گرفتار کیے گئے، جن میں 134 مرد، 141 خواتین اور 17 خواجہ سرا شامل ہیں۔ سی پی او نے کہا کہ پیشہ ور گداگر نہ صرف ٹریفک میں رکاوٹ بنتے ہیں بلکہ اکثر دیگر جرائم میں بھی ملوث ہوتے ہیں، اس لیے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔
راولپنڈی پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 07 افراد کو گرفتار کر کے 24 لیٹر اور 2 بوتل شراب جبکہ ناجائز اسلحہ معہ ایمونیشن بھی برآمد کیا۔ ڈویژنل ایس پیز کے مطابق منشیات اور اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
سینئر صحافی بلال غوری کی غیر قانونی گرفتاری پر پی ایف یو جے کی شدید مذمت
سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں زیرِ تعمیر منصوبوں کا جائزہ بھی لیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید اور منظم انفراسٹرکچر سے پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی، کمانڈ اینڈ کنٹرول اور پبلک سروس ڈیلیوری میں بہتری آئے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کے لیے 10 فروری 2026 کو تھانہ صدر واہ اور ایس ڈی پی او آفس ٹیکسلا میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جائے گا، جہاں شہری اپنی شکایات پیش کر سکیں گے۔
دریں اثنا، ایس ایس پی آپریشنز ملک طارق محبوب نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں سیکیورٹی میٹنگ کی اور افسران کو ہدایت کی کہ اشتہاری مجرمان، سہولت کاروں اور مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔
عدالتی سطح پر بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے منشیات کے ایک مقدمے میں معزز عدالت نے خاتون سمیت دو منشیات سپلائرز کو مجموعی طور پر 20 سال قید اور 4 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ سی پی او نے تفتیشی اور لیگل ٹیموں کو شاباش دی۔
مزید کارروائیوں میں تھانہ دھمیال پولیس نے مرغوں کی لڑائی پر جواء کھیلنے والے 08 افراد کو گرفتار کیا جبکہ تھانہ جاتلی پولیس نے ذاتی رنجش پر فائرنگ کر کے اپنے چچا کو زخمی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
راولپنڈی پولیس کے ترجمان کے مطابق شہر میں قانون کی بالادستی قائم رکھنے، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔











