اسلام آباد(عرفان حیدر) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 7 مختلف کارروائیوں کے دوران 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران 87 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی مجموعی طور پر 87.52 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں۔
اے این ایف کے مطابق تعلیمی اداروں کے گردونواح میں کی جانے والی کارروائیوں کے دوران ضلع اٹک میں ایک کالج کے سامنے کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان سے 690 گرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ ایک اور کارروائی میں کالج کے سامنے ایک ملزم سے 316 گرام چرس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
دیگر کارروائیوں کی تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر عمرہ کی ادائیگی کے لیے جانے والے ایک مسافر کے پیٹ سے 120 گرام وزنی کوکین سے بھرے 10 کیپسولز برآمد کیے گئے۔ اسی طرح ملتان کے قریب شیر شاہ ٹول پلازہ پر ایک ٹرک سے 28.8 کلوگرام چرس اور 5 کلوگرام آئس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
اے این ایف کا تعلیمی اداروں اور مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن
لاہور کے علاقے شالیمار پل ڈسٹرکٹ میں کارروائی کے دوران 2 ملزمان سے 20.4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ موٹر وے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ایک گاڑی سے 20.4 کلوگرام چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ شالیمار پل لاہور میں ایک اور کارروائی کے دوران موٹر سائیکل سوار ملزم سے 10.8 کلوگرام چرس اور 1 کلوگرام افیون برآمد کی گئی۔
اے این ایف حکام کے مطابق تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ منشیات کے ناسور کے خاتمے، خصوصاً نوجوان نسل کو اس لعنت سے بچانے کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔











