هفته,  31 جنوری 2026ء
اے این ایف کا تعلیمی اداروں اور مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن

اسلام آباد (عرفان حیدر) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے۔ اس کریک ڈاؤن کے دوران سات مختلف کارروائیوں میں دو خواتین سمیت آٹھ ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 66.44 کلو گرام منشیات برآمد کی گئی۔

سیالکوٹ کے قریب گلوٹیاں موڑ کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار ایک ملزم سے چار اعشاریہ آٹھ کلوگرام چرس اور 600 گرام افیون برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں میں طلباء کو منشیات فروخت کرتا تھا۔

دوسری کارروائیوں میں علامہ اقبال ائیرپورٹ پر ایک مرد اور خاتون کے پیٹ سے 678 گرام وزنی 83 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے۔ کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں ایک گاڑی سے 23 کلوگرام آئس برآمد ہوئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ وزیر آباد روڈ سیالکوٹ میں موٹر سائیکل سوار ملزم سے 21.6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جبکہ سپر ہائی وے M9 کراچی کے قریب ایک اور ملزم سے 9.6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ رنگ روڈ پشاور کے قریب خاتون کے قبضے سے چھ کلوگرام چرس برآمد ہوئی، اور بند روڈ لاہور کے قریب ایک ملزم کے Mp3 پلئیر سے 168 گرام وزنی 293 ایکسٹسی گولیاں برآمد کی گئیں۔

اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 13 ملزمان گرفتار، 107.7 کلوگرام منشیات برآمد

تمام کارروائیوں کے بعد انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں