اسلام آباد(عرفان حیدر) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 11 کارروائیوں کے دوران 2 خواتین سمیت 15 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران ایک کروڑ 38 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 116.81 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
تعلیمی اداروں کے اطراف کی گئی کارروائیوں میں لوہاراں والا کھوہ، سیالکوٹ کے قریب ایک ملزم کے قبضے سے 1.4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ گارڈن ٹاؤن لاہور میں موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان سے الیکٹرک فین ہیٹر میں چھپائی گئی 590 گرام ایکسٹیسی گولیاں اور 198 گرام ویڈ برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا۔
اے این ایف نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کیں، 5 ملزمان گرفتار
دیگر کارروائیوں میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر جدہ جانے والے ایک مسافر کے پیٹ سے 206 گرام وزنی 8 کوکین بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے۔ ایک اور کارروائی میں جدہ جانے والے 3 مسافروں کے پیٹ سے 428 گرام وزنی 80 آئس اور 292 گرام وزنی 63 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد ہوئے، جن میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔
چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں واقع ایک کوریئر آفس میں آسٹریلیا جانے والے پارسل سے بیڈ شیٹ میں جذب شدہ 4.3 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ ساہو چوک ملتان کے قریب ایک بس سے 54 کلوگرام چرس برآمد ہوئی جبکہ ساہیانوالہ ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی سے 26.4 کلوگرام افیون اور 1.2 کلوگرام چرس برآمد کر کے 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
وہاڑی چوک ملتان میں بس ٹرمینل کے قریب ایک گاڑی سے 9.6 کلوگرام چرس اور 2 کلوگرام آئس برآمد ہوئی، جبکہ ظفروال روڈ نارووال میں پٹرول پمپ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 6.4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ مادر ملت روڈ لاہور کے قریب ایک کوریئر آفس میں آٹا گوندھنے والی مشین سے 6 کلوگرام چرس جبکہ حیدرآباد میں واقع ایک کوریئر آفس سے پارسل کے ذریعے 4.8 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں کے بعد ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔











