گوادَر(عرفان حیدر) انسدادِ منشیات کے میدان میں ایک تاریخی کامیابی کے طور پر، اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) ڈیٹ گوادَر نے پہلی بار سمندر میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی (IBO) انجام دی، جس کے دوران مکران کوسٹل لائن (MCL) کے قریب پڈی زر، گوادَر کے گہرے سمندر میں منشیات سے بھری ایک تیز رفتار کشتی کو روکا گیا۔
مسلسل اور مؤثر انٹیلی جنس کوششوں کی بنیاد پر، اے این ایف ڈیٹ گوادَر نے ایک منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف قابلِ عمل معلومات حاصل کیں، جس کی قیادت دو افراد داؤد مجید گورگیج اور غنی داشتی کر رہے تھے، جو گوادَر کے رہائشی ہیں۔
اے این ایف ٹیم نے کامیابی سے گہرے سمندر میں تیز رفتار کشتی کو روک کر منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے دو اہم کارندوں کو گرفتار کیا۔ کارروائی کے دوران ان کے قبضے سے 300 کلوگرام اعلیٰ معیار کی چرس برآمد کی گئی۔
اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 9 ملزمان گرفتار
ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ یہ نیٹ ورک پاکستان کے مغربی مکران ساحل سے یمن، خلیجی ریاستوں اور افریقی ممالک تک تیز رفتار کشتیوں کے ذریعے منشیات اسمگل کرنے میں ملوث تھا۔
گرفتار ملزمان، برآمد شدہ منشیات اور ضبط شدہ تیز رفتار کشتی کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس اسٹیشن اے این ایف گوادَر منتقل کر دیا گیا ہے۔
یہ کارروائی ایک وسیع تر علاقائی چیلنج کی نشاندہی کرتی ہے، کیونکہ جغرافیائی لحاظ سے پاکستان ایک متاثرہ ریاست ہے جسے بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورکس بالخصوص سمندری راستوں اور ساحلی پٹیوں کے ذریعے بطور ٹرانزٹ استعمال کیا جاتا ہے۔ اسمگلرز سمندری راستوں کا غلط استعمال کر کے پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے اور سرحد پار منشیات کی ترسیل کو فروغ دیتے ہیں۔
محدود وسائل کے باوجود، اے این ایف بطور ایک فرنٹ لائن فورس منشیات کی اسمگلنگ اور منشیات کے استعمال کے خلاف مضبوط انٹیلی جنس جمع آوری، سمندری نگرانی اور مؤثر آپریشنل چوکسی کے ذریعے سمندری راستوں اور دیگر تمام اسمگلنگ کوریڈورز پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے، اور قومی و بین الاقوامی کمیونٹیز تک منشیات کے پھیلاؤ کو روکنے کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کے تحفظ کے لیےثابت قدم اور پُرعزم ہے۔











