هفته,  10 جنوری 2026ء
اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 5 ملزمان گرفتار، بھاری مقدار میں منشیات برآمد

اسلام آباد (عرفان حیدر) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 6 کارروائیوں کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ان کارروائیوں میں مجموعی طور پر 63.18 کلو گرام منشیات برآمد کی گئیں، جن کی مالیت 1 کروڑ 74 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق تعلیمی اداروں کے گردونواح میں کی گئی ایک کارروائی کے دوران انڈسٹریل ایریا لاہور کے قریب ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 2.4 کلو گرام چرس اور 325 گرام وزنی 660 ایکسٹیسی گولیاں برآمد ہوئیں۔ گرفتار ملزم نے دورانِ تفتیش تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔

دیگر کارروائیوں میں حیات آباد ٹول پلازہ پشاور کے قریب ایک گاڑی سے 36 کلو گرام افیون برآمد کی گئی، جبکہ اس کارروائی میں دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ کسٹم چوک پشاور کے قریب ایک اور کارروائی میں ہیٹر کے اندر چھپائی گئی 1.5 کلو گرام آئس اور 1.2 کلو گرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔

اسلام آباد کے سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب اے این ایف نے کارروائی کرتے ہوئے بیساکھی میں چھپائی گئی 1.5 کلو گرام آئس اور 100 گرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا۔ لاہور کے یادگار چوک میں واقع ایک کوریئر آفس سے پارسل کے ذریعے اسمگل کی جانے والی 20.16 کلو گرام وزنی 28 ہزار 800 والیم گولیاں برآمد کی گئیں۔

اسی طرح کراچی کے شیپنگ ایریا میں واقع ایک کوریئر آفس میں کارروائی کے دوران پارسل سے 106.4 کلو گرام وزنی 3 لاکھ 64 ہزار 800 والیم گولیاں برآمد کی گئیں، جنہیں ضبط کر لیا گیا۔

اے این ایف حکام کے مطابق تمام کارروائیوں کے تحت انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے کے لیے اے این ایف کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

مزید خبریں