بدھ,  07 جنوری 2026ء
اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن، 14 ملزمان گرفتار

اسلام آباد/لاہور(عرفان حیدر) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 12 مختلف کارروائیوں کے دوران 2 خواتین سمیت 14 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں میں ایک کروڑ 4 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 90.73 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔

تعلیمی اداروں کے قریب کارروائی کے دوران سخی سرور روڈ، ضلع ڈی جی خان کے قریب ایک ملزم سے 1200 گرام چرس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا۔

دیگر کارروائیوں میں انٹرنیشنل میلنگ آفس راولپنڈی میں برطانیہ سے آنے والے پارسل سے 28 گرام ویڈ برآمد کی گئی۔ کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ، شیخوپورہ کے قریب گاڑی سے 30 کلوگرام چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ رائیونڈ روڈ لاہور کے قریب رکشے میں سوار مرد اور خاتون سے 20.4 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔

مزید پڑھیں: اے این ایف کا تعلیمی اداروں کے اطراف اور مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن

اسی طرح جامشورو ٹول پلازہ کے قریب مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 14 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ 26 نمبر بس اڈہ کے قریب مرد اور خاتون سے 7.2 کلوگرام چرس اور 1.5 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ سنگجانی ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب گاڑی سے 7.2 کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

رائیونڈ روڈ قصور کے قریب 4.8 کلوگرام چرس، گلبرگ روڈ لاہور پر 3 کلوگرام ہیروئن کے ساتھ ایک ڈرون اور ریموٹ، ملاں منصور ٹول پلازہ ضلع اٹک کے قریب 946 گرام جبکہ تین میلہ چوک اٹک کے قریب 204 گرام چرس برآمد کی گئی۔

تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اے این ایف نے منشیات کے نیٹ ورک کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

مزید خبریں