اسلام آباد(سعد عباسی) اسلام آباد میں رات گئے پولی کلینک کے قریب افغان مہاجرین کے کیمپ پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 600 مہاجرین کو حراست میں لے کر قیدی وینز کے ذریعے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن بغیر کسی مزاحمت کے مکمل کیا گیا۔
آبپارہ شادی ہال کی بیک سائیڈ پر قائم غیرقانونی بستیوں اور قبضہ مافیا کی سرگرمیوں نے شہریوں میں تشویش بڑھا دی ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ سرکاری زمین پر تعمیرات کی شکایت پر انفورسمنٹ عملہ محض رسمی کارروائی کر کے واپس چلا جاتا ہے، جب کہ قبضہ مافیا برسوں سے گھروں کی تعمیر و فروخت میں مصروف ہے۔ شہریوں نے سی ڈی اے سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد: افغان مہاجرین کے کیمپ پر پولیس کا رات گئے آپریشن
دریں اثنا، ایس پی ڈولفن/انڈسٹریل ایریا خالد محمود اعوان کی زیر صدارت مصالحتی کمیٹی اور علاقہ معززین کا اجلاس ہوا جس میں امن و امان، پولیس-عوام تعاون اور جرائم کی روک تھام پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ایس پی نے گھریلو ملازمین اور کرایہ داروں کے اندراج کو لازمی قرار دیتے ہوئے مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کی۔ بتایا گیا کہ سیکٹر وائز انفارمیشن کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
ادھر پولیس ڈپارٹمنٹ میں اہم تقرریاں و تبادلے بھی کیے گئے ہیں:
-
ایس ایس پی آپریشنز فیصل آباد بشریٰ نثار کو سی پی او رپورٹ کرنے کی ہدایت
-
سی ٹی او مری وسیم اختر کو ایس پی پٹرولنگ گوجرانوالہ تعینات
-
عمران رزاق نئے سی ٹی او مری مقرر
-
اسلام آباد میں ایس پی کیپٹن زیشان کو ایس پی رورل زون تعینات کر دیا گیا











