هفته,  22 نومبر 2025ء
راولپنڈی: رتہ امرال میں پولیس پر فائرنگ، خطرناک ملزم ہلاک، دو فرار

راولپنڈی(عرفان حیدر) راولپنڈی کے علاقے رتہ امرال میں رات گئے تین ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک ملزم ہلاک جبکہ دو موقعے سے فرار ہوگئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔

ہلاک ملزم کی شناخت محمد عباس کے نام سے ہوئی ہے، جو معصوم بچی کے اغواء کے مقدمے میں رتہ امرال پولیس کو مطلوب تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم راولپنڈی اور لاہور میں بچوں اور بچیوں کے اغواء اور زیادتی کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا، جبکہ بچوں سے زیادتی کے درجنوں غیر رپورٹ شدہ واقعات کی بھی اطلاعات موجود تھیں۔

پولیس نے ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو ملزمان نے اچانک فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے دوران ایک گولی سب انسپکٹر محمد اویس کو بھی لگی، تاہم وہ بلٹ پروف جیکٹ پہننے کے باعث محفوظ رہے۔

مزید پڑھیں: اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات سمگلنگ کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 4 گرفتار اور 417 کلو منشیات برآمد

زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سینئر پولیس افسران موقعے پر پہنچ گئے جبکہ فرار ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

سی پی او سید خالد ہمدانی نے بہادری سے مقابلہ کرنے پر ایس پی راول، ایس ڈی پی او سٹی اور رتہ امرال پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال اور پولیس پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔

مزید خبریں