راولپنڈی (کرائم رپورٹر) سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی سے لے کر قتل، چوری، منشیات اور غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف مؤثر اقدامات تک، پولیس نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
افسران کی حوصلہ افزائی:
ایس ایس پی انوسٹی گیشن رضا تنویر سپرا نے بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کو تعریفی اسناد اور لیٹرز دئیے۔ ان میں ایس پی پوٹھوہار طلحہ ولی، ڈی ایس پی کینٹ خالد محمود، ایس ایچ اوز اور دیگر اہلکار شامل تھے۔ اس موقع پر ایس ایس پی انوسٹی گیشن نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ وہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مزید بہتر انداز میں خدمات انجام دے سکیں۔
غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن:
حکومت پنجاب کے خصوصی احکامات کی روشنی میں راولپنڈی پولیس نے شہر بھر میں غیر قانونی مقیم افغانیوں اور دیگر غیر ملکیوں کے خلاف آپریشن کیا۔ اس دوران 20 مقدمات درج، 5 مالک مکان گرفتار اور 74 افغان باشندوں کو حراست میں لے کر ہولڈنگ سنٹر منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو کرایہ یا ملازمت نہ دیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو فراہم کریں۔
صادق آباد پولیس کی کامیاب کارروائی:
صادق آباد پولیس نے شاپنگ مالز اور مارٹس سے لاکھوں روپے چرانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم سے 32 لاکھ روپے نقد برآمد کیے گئے۔ ملزم رات کے وقت مالز میں چھپ کر چوری کی وارداتیں کرتا تھا۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس پی راول، اے ایس پی نیو ٹاؤن اور ایس ایچ او صادق آباد کو شاباش دی۔
رتہ امرال پولیس نے قتل کے دو ملزمان گرفتار کیے:
رتہ امرال پولیس نے قتل اور اقدامِ قتل کے مقدمے میں مطلوب دو ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان نے معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل اور تین کو زخمی کر دیا تھا۔ ایس پی راول سعد ارشد نے کہا کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کریک ڈاؤن، 6 ملزمان گرفتار
چیک ڈس آنر کیس میں مجرم کو سزا:
راولپنڈی پولیس کی مؤثر پیروی پر عدالت نے چیک ڈس آنر کے مقدمے میں ملزم جواد احمد کو دو سال قید اور 45 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ مقدمہ تھانہ گوجر خان میں 2018 میں درج ہوا تھا۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے تفتیشی ٹیم کو شاباش دی۔
منشیات اور اسلحہ برآمدگی:
راولپنڈی پولیس کی مختلف تھانوں نے کارروائیوں کے دوران 4 افراد کو حراست میں لیا۔ ویسٹریج اور سول لائنز پولیس نے 20 لیٹر شراب، جبکہ واہ کینٹ اور چونترہ پولیس نے اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کیا۔ ڈویژنل ایس پیز نے کہا کہ منشیات فروش اور ناجائز اسلحہ رکھنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
قتل کے مجرم کو سزائے موت:
سابقہ دشمنی پر شہری کو قتل کرنے والے مجرم حامد رضا کو عدالت نے سزائے موت سنا دی۔ مقدمہ 2022 میں تھانہ ریس کورس میں درج کیا گیا تھا۔ ٹھوس شواہد اور مؤثر پیروی کے باعث عدالت نے مجرم کو قرار واقعی سزا سنائی۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس ایس پی انوسٹی گیشن اور لیگل ٹیم کو شاباش دی۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس ہمہ وقت مصروف عمل ہے اور قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔











