راولپنڈی (عرفان حیدر) تھانہ سٹی کے علاقے گوالمنڈی میں شہری پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد پولیس حرکت میں آگئی۔ سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر سٹی پولیس نے رات بھر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مرکزی ملزم سمیت 6 افراد کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق، واقعے پر کسی شہری کی جانب سے باضابطہ شکایت درج نہیں کرائی گئی تھی، تاہم ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد پولیس نے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔ دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ شہریوں پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تشدد میں ملوث کوئی بھی شخص قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا۔
مزید پڑھیں: کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر 17 سرکاری اہلکار گرفتار
ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا تاکہ آئندہ کسی کو شہریوں پر تشدد کرنے کی جرات نہ ہو۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق، پولیس شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور کسی بھی غیرقانونی عمل پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔