بدھ,  22 اکتوبر 2025ء
اے این ایف کا مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کریک ڈاؤن، 70.2 کلوگرام منشیات برآمد، 4 ملزمان گرفتار

اسلام آباد(عرفان حیدر) انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف تین کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 70.2 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں جن کی مالیت تقریباً 68 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

تفصیلات کے مطابق، پہلی کارروائی نوشہرہ کے قریب ولی انٹرچینج اور مصری بانڈہ روڈ پر کی گئی، جہاں ایک گاڑی سے 46.8 کلوگرام چرس اور 15.6 کلوگرام افیون برآمد کی گئی اور ایک ملزم کو موقع پر گرفتار کیا گیا۔

مزید پڑھیں: اے این ایف کا تعلیمی اداروں اور مختلف شہروں میں منشیات کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 9 ملزمان گرفتار

دوسری کارروائی کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں بس ٹرمینل کے قریب کی گئی، جہاں ایک مشتبہ شخص کے قبضے سے 4.8 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

تیسری کارروائی اسلام آباد موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب عمل میں آئی، جہاں ایک ٹرک سے 3 کلوگرام آئس برآمد کی گئی اور دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

تمام کارروائیاں انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت عمل میں لائی گئیں اور مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ اے این ایف کی جانب سے ملک بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔

مزید خبریں