راولپنڈی (کرائم رپورٹر) راولپنڈی پولیس نے مختلف تھانوں کی حدود میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں، ڈاکوؤں، ناجائز اسلحہ رکھنے والوں اور جعل سازوں کے خلاف کی گئی کارروائیوں میں اہم کامیابیاں حاصل ہوئیں۔
تھانہ نصیر آباد میں پولیس پارٹی پر فائرنگ، ایک ڈاکو ہلاک، ایک زخمی حالت میں گرفتار
نصیر آباد کے علاقے میں رات گئے موٹر سائیکل سوار چار ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی میں دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ زخمی ڈاکوؤں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک ڈاکو حبیب اللہ دم توڑ گیا۔ پولیس نے موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کر لیا۔ فائرنگ کے دوران ایک گولی کانسٹیبل امجد حسین کو لگی، تاہم وہ بلٹ پروف جیکٹ کی بدولت محفوظ رہے۔ ملزمان جڑواں شہروں میں اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔ سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال سے کھیلنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
نیوٹاؤن پولیس کی کارروائی، ڈاکو گرفتار، موٹر سائیکل، رقم اور اسلحہ برآمد
نیوٹاؤن پولیس نے ڈکیتی میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے چھینا گیا موٹر سائیکل، 32 ہزار روپے نقدی اور اسلحہ برآمد کر لیا۔ ایس پی راول سعد ارشد نے کہا کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
صادق آباد پولیس کی کارروائی، سابقہ رنجش پر فائرنگ کرنے والا ملزم گرفتار
صادق آباد پولیس نے 4 روز قبل سابقہ رنجش پر شہری کو فائرنگ سے زخمی کرنے اور اس کے بچوں پر تشدد کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے کامیابی حاصل کی۔ دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
گنجمنڈی پولیس کی کارروائی، جعلی نوٹوں کی ترسیل کرنے والا شخص گرفتار
جعلی نوٹوں کی ترسیل میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 30 ہزار روپے مالیت کے جعلی نوٹ برآمد کر لیے گئے۔ مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔
منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں، چھ افراد گرفتار، 2 کلو سے زائد چرس اور 38 لیٹر شراب برآمد
رتہ امرال، وارث خان، چکلالہ، صدر واہ اور ویسٹریج پولیس نے کارروائیوں کے دوران چھ افراد کو گرفتار کر کے بڑی مقدار میں منشیات اور شراب برآمد کی۔ الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ ڈویژنل ایس پیز کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے این ایف کی بڑی کارروائی، بین الاقوامی منشیات اسمگلر گرفتار
ناجائز اسلحہ رکھنے والے افراد کے خلاف کارروائی، چار ملزمان گرفتار
چکلالہ، نیوٹاؤن، صادق آباد اور کلر سیداں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ناجائز اسلحہ رکھنے والے چار افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ اور گولیاں برآمد کر لیں۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
راولپنڈی پولیس کے ترجمان کے مطابق جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں بلا تفریق جاری رہیں گی تاکہ شہر میں امن و امان قائم رکھا جا سکے۔