جمعرات,  16 اکتوبر 2025ء
اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے این ایف کی بڑی کارروائی، بین الاقوامی منشیات اسمگلر گرفتار

اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے تھائی لینڈ سے آنے والے برطانوی نژاد پاکستانی شہری کو گرفتار کر لیا، جو منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

اے این ایف حکام کے مطابق، مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران مختلف انداز میں مہارت سے چھپائی گئی 11.182 کلوگرام ویڈ (weed) اور 3.616 کلوگرام کینابِس (cannabis) برآمد کی گئی۔ برآمد کی گئی منشیات کی عالمی منڈی میں مالیت تقریباً ایک کروڑ چھ لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔

ابتدائی تفتیش میں ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ یہ منشیات آزاد کشمیر لے جا رہا تھا، جہاں اس کا ساتھی ڈھڈیال کے علاقے میں تعلیمی اداروں کے طلباء اور نوجوانوں کو نشے کا عادی بنانے میں ملوث ہے۔

اے این ایف نے ملزم کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جب کہ اس کے ساتھی کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس کیس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نشہ آور اشیاء جیسے ویڈ اور مصنوعی کینابِس کو نوجوان نسل کو جدید طرزِ زندگی اور تفریح کے نام پر نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: اے این ایف کا ملک گیر کریک ڈاؤن، 7 ملزمان گرفتار، کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد

اے این ایف مسلسل انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے تعاون سے منشیات کی روک تھام کے لیے سرگرم ہے۔ ادارے کا عزم ہے کہ تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک رکھا جائے اور نوجوان نسل کو اس تباہی سے محفوظ کیا جائے۔

مزید خبریں