پیر,  13 اکتوبر 2025ء
جڑواں شہروں میں جرائم کی بڑھتی ہوئی لہر، شہری عدم تحفظ کا شکار
جڑواں شہروں میں جرائم کی بڑھتی ہوئی لہر، شہری عدم تحفظ کا شکار

اسلام آباد(کرائم رپورٹر) جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں جرائم کی وارداتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری ایک گاڑی، 13 موٹر سائیکلوں، طلائی زیورات، موبائل فونز، نقدی اور دیگر قیمتی اشیاء سے محروم ہو گئے۔ تھانہ صادق آباد کے علاقے میں دو نامعلوم ملزمان نے فرید حسین کی کریانہ کی دکان پر اسلحہ کی نوک پر موبائل فون اور 37 ہزار روپے چھین لیے۔ تھانہ ریس کورس کے علاقے پیپلز کالونی میں ٹماٹر کی ریڑھی لگائے کھڑے احمد سفیر سے اسلحہ کی نوک پر 5 ہزار روپے لوٹ لیے گئے۔

تھانہ واہ کینٹ کے علاقے ڈھوک پٹھان میں تین موٹر سائیکل سوار افراد نے ایک بیکری سے گن پوائنٹ پر 12 ہزار روپے چھینے اور فرار ہو گئے۔ ڈی اے وی کالج روڈ پر واقع ایک ہاسٹل کے کمرے سے خالد حنیف کے 25 ہزار روپے چوری کر لیے گئے۔ سیٹلائٹ ٹاؤن میں اسماء ریاض کے گھر کی چھت سے پانی کی موٹر اور اے سی آوٹر چوری ہوا۔ نیو چاکرہ میں محمد عثمان کے گھر سے پانچ ہزار روپے مالیت کا سامان چوری کر لیا گیا۔ کوہستان انکلیو میں تصور عباس کے گھر سے لیپ ٹاپ، موبائل اور 25 ہزار روپے نقدی چرالی گئی۔ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی فیز 8 میں ڈاکٹر نورین خان کے گھر سے 8 لاکھ روپے نقدی اور 36 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات چوری کر لیے گئے۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی صورتحال کچھ بہتر نظر نہیں آتی۔ شہر میں 38 مقامات پر کنٹینرز کے ذریعے ناکہ بندیاں اور پانچ ہزار پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کے باوجود تین موٹر سائیکل چوری ہو گئے۔ تھانہ شمس کالونی کے علاقے میں سٹریٹ کرائم کی واردات بھی سامنے آئی ہے، جبکہ تھانہ آبپارہ، انڈسٹریل ایریا اور لوئی بھیر کے علاقوں سے موٹر سائیکل چوری ہونے کے مقدمات درج کرائے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: کراچی میں بھارتی خفیہ ایجنسی کے نیٹ ورک کیخلاف آپریشن، 2 ملزمان گرفتار

ادھر تھانہ مورگاہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 15 لیٹر شراب برآمد کی اور تینوں کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ اسی دوران ایک افسوسناک واقعے میں 14 سالہ لڑکی کو اغوا کر لیا گیا۔ تھانہ پیرودھائی کو محمد اوصاف نے بتایا کہ اس کی بیٹی کو محمد مسکین، محمد سعید، ان کی اہلیہ، بیٹا عبدالرحمان اور سلیمان نے اغوا کیا۔

دھمیال گاؤں میں گھریلو جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی جبکہ تھانہ روات کے علاقے میں 19 سالہ نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ جڑواں شہروں میں بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور مؤثر پولیس کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید خبریں