راولپنڈی(عرفان حیدر) راولپنڈی کے تھانہ دھمیال کی حدود میں رات گئے پولیس اور خطرناک ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے دوران ایک انتہائی مطلوب اور خطرناک ڈکیت و کار لفٹر علی شان ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ہلاک ملزم علی شان ڈکیتی، قتل اور گاڑی چوری کے متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ سال 2023 میں دورانِ ڈکیتی فائرنگ کر کے ایک شہری کو قتل کرنے کا بھی الزام علی شان پر تھا۔
گزشتہ روز پولیس نے اسے مسروقہ گاڑی کی برآمدگی کے لیے موقع پر لے جایا تھا جہاں اس کے ساتھیوں نے اچانک فائرنگ کر کے اسے پولیس حراست سے فرار کروا لیا تھا۔
واقعے کے بعد پولیس نے ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر علاقہ میں ریڈ کیا تو ملزمان نے دوبارہ پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی میں علی شان مارا گیا جبکہ اس کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گیا۔
مزید پڑھیں: ڈی آئی خان: ٹریننگ اسکول پر حملہ کرنے والے 5 دہشتگردوں ہلاک، مقابلے میں 7 پولیس اہلکارشہید
واقعے کی اطلاع پر سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے۔ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے بہادری کا مظاہرہ کرنے پر ایس پی صدر، اے ایس پی صدر اور دھمیال پولیس کو شاباش دی ہے۔
سی پی او کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے اور پولیس پر حملہ کرنے والے کسی صورت قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔