راولپنڈی (کرائم رپورٹر) سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی کی زیر صدارت لاء اینڈ آرڈر سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انوسٹی گیشن، ڈویژنل ایس پیز، ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہر کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور افسران کو ہدایات جاری کی گئیں کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہ دی جائے۔
سی پی او نے واضح کیا کہ سڑکوں کی بندش، شہریوں کے معمولاتِ زندگی میں خلل یا پرتشدد مظاہروں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ راولپنڈی پولیس ہر صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں
تھانہ صدر واہ پولیس نے منشیات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 3 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا جن کے قبضے سے مجموعی طور پر 3 کلو سے زائد منشیات برآمد کی گئی۔ برآمد شدہ منشیات میں 1.26 کلو ہیروئن، 550 گرام آئس اور 1.66 کلو چرس شامل ہے۔
ایس پی پوٹھوہار طلحہ ولی کے مطابق منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور اس ناسور کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی بڑی کارروائی: پرتشدد ریلی کے لیے خطرناک سامان کی ترسیل ناکام، دو افراد گرفتار
آتش بازی کرنے والا شخص گرفتار
رتہ امرال پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے شاہراہِ عام پر آتش بازی کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار شخص کے قبضے سے 18 سوتر گولے اور 12 ہوائیاں برآمد ہوئیں۔
ایس پی راول سعد ارشد کا کہنا تھا کہ آتش بازی کے ذریعے عوام کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے افراد قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
شراب اور ناجائز اسلحہ برآمد، 7 افراد گرفتار
راولپنڈی کے مختلف تھانوں کی کارروائیوں میں 7 افراد کو گرفتار کر کے 45 لیٹر شراب اور ناجائز اسلحہ بمعہ ایمونیشن برآمد کیا گیا:
-
تھانہ بنی پولیس: 15 لیٹر شراب
-
تھانہ کینٹ: 10 لیٹر شراب
-
سول لائنز پولیس: 10 لیٹر شراب
-
ٹیکسلا پولیس: 10 لیٹر شراب
-
مندرہ پولیس: اسلحہ و ایمونیشن
-
روات پولیس: اسلحہ و ایمونیشن
تمام افراد کے خلاف علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ ڈویژنل ایس پیز کا کہنا ہے کہ منشیات، شراب اور ناجائز اسلحہ رکھنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، اور قانون کی مکمل عملداری یقینی بنائی جائے گی۔