اسلام آباد(عرفان حیدر) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ کے ایک بڑے نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں ہیروئن اسمگل کرنے والے گروہ کے سرغنہ ندیم خان سمیت 11 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس کارروائی میں چار خواتین اور ایک فارماسسٹ بھی شامل ہیں۔
اے این ایف نے اپنی انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر یہ کامیاب آپریشن کیا، جس میں پتہ چلا کہ یہ بین الاقوامی نیٹ ورک کم تعلیم یافتہ اور معاشی طور پر کمزور نوجوان جوڑوں کو ورغلانے کے ذریعے منشیات کی ترسیل کے لیے استعمال کرتا تھا۔ اسمگلنگ کے دوران منشیات کو کیپسولز کی شکل میں پیٹ میں چھپایا جاتا تھا۔
ملک کے مختلف ہوائی اڈوں پر سخت نگرانی کے نتیجے میں دو ہوائی اڈوں سے چار نوجوان جوڑے پیٹ میں ہیروئن بھرے کیپسولز کے ساتھ گرفتار ہوئے۔ جدید تکنیکی اور ڈیجیٹل نگرانی کی مدد سے اے این ایف نے گروہ تک پہنچ کر مزید تین سہولت کاروں کو بھی حراست میں لیا ہے۔
مزید پڑھیں: اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد
تفتیش کے دوران نیٹ ورک کے دیگر مفرور ملزمان کی نشاندہی بھی کر دی گئی ہے جنہیں جلد گرفتار کیا جائے گا۔ اے این ایف کا کہنا ہے کہ محدود وسائل کے باوجود وہ منشیات کے بین الاقوامی نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور پاکستان سے کسی بھی خلیجی ملک کو منشیات کی اسمگلنگ ہرگز نہیں ہونے دی جائے گی۔
اے این ایف نے منشیات کی روک تھام اور بین الاقوامی نیٹ ورکس کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔