جمعرات,  09 اکتوبر 2025ء
راولپنڈی پولیس کی بڑی کارروائی: پرتشدد ریلی کے لیے خطرناک سامان کی ترسیل ناکام، دو افراد گرفتار

راولپنڈی (عرفان حیدر) چکلالہ پولیس نے مذہبی سیاسی جماعت کے پرتشدد احتجاج اور ریلی کے لیے خطرناک اشیاء کی ترسیل کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں ڈنڈے، غلیلیں، قنچے اور نمک کے پیکٹ برآمد کر لیے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق، ملزمان 10 اکتوبر کو ہونے والی ایک پرتشدد ریلی کے لیے یہ سامان لے جا رہے تھے، جسے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف استعمال کیا جانا تھا۔ چکلالہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک مشکوک گاڑی کو روکا، جس کی تلاشی کے دوران 54 ڈنڈے، 37 غلیلیں، سینکڑوں کی تعداد میں قنچے اور نمک کے پیکٹ برآمد ہوئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ تمام سامان ایک مذہبی سیاسی جماعت کے کارکنان میں تقسیم کیا جانا تھا تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کیے جا سکیں۔ پولیس نے فوری طور پر دہشت گردی اور سازش مجرمانہ سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

مزید پڑھیں: احتجاج کیس ، علیمہ خان کو گرفتار کرکے عدالت پیش کرنے کا حکم

ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا تھا کہ “سیاست کی آڑ میں پرتشدد سرگرمیوں کی اجازت ہرگز نہیں دی جا سکتی۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ کسی کو بھی عوام یا اداروں کی سیکیورٹی خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔”

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ممکنہ سہولت کاروں اور منصوبہ سازوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ راولپنڈی پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر قریبی تھانے یا ہیلپ لائن پر دیں تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزید خبریں