منگل,  07 اکتوبر 2025ء
اے این ایف نے بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ گروہ کا بھرپور خاتمہ کر دیا، حاجی طارق خان گروہ گرفتار

اسلام آباد(عرفان حیدر) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے بین الاقوامی سطح پر سرگرم منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ حاجی طارق خان گروہ کو گرفتار کر کے اس کا نیٹ ورک توڑ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اے این ایف کو انٹیلیجنس ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ منشیات اسمگلنگ کا ایک بڑا بین الاقوامی گروہ، اندرون سندھ کے غریب اور مجبور نوجوانوں کو بہلا پھسلا کر خلیجی ممالک — خاص طور پر سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور عمان — میں منشیات پہنچانے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔

اے این ایف نے اعلیٰ سطح کی تکنیکی نگرانی اور فزیکل سرویلنس کے ذریعے اس نیٹ ورک کی کارروائیوں کو بے نقاب کیا۔ تفتیش میں یہ انکشاف ہوا کہ گروہ کے کارندے سادہ لوح نوجوانوں کو روشن مستقبل کے جھوٹے خواب دکھا کر انہیں کیپسول کی صورت میں منشیات نگلوا کر بیرون ملک بھجواتے تھے۔

رپورٹ کے مطابق، اس گروہ سے منسلک چار افراد سعودی عرب میں منشیات سمیت گرفتار کیے گئے۔ اس اطلاع کے صرف سات روز بعد اے این ایف نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے تین مزید ڈرگ کیریئرز کو گرفتار کر لیا۔

اے این ایف نے تفتیش کو آگے بڑھاتے ہوئے گروہ کے سرغنہ حاجی طارق خان کو خیبرپختونخواہ سے گرفتار کر لیا۔ اب تک اس نیٹ ورک کے 9 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

مزید پڑھیں: ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن تنقید برداشت نہ کرسکے، صحافی کا نمبر بلاک کردیا

ترجمان اے این ایف کے مطابق، یہ کارروائی منشیات کے خلاف قومی عزم اور بین الاقوامی اسمگلنگ نیٹ ورکس کی سرکوبی کے لیے اے این ایف کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔

“منشیات کے خاتمے اور پاکستان کو نشہ سے پاک بنانے کے لیے اے این ایف اپنی محدود افرادی قوت اور وسائل کے باوجود ہر محاذ پر سرگرم عمل ہے،” ترجمان نے کہا۔

اے این ایف کی یہ شاندار کامیابی ملک کو درپیش منشیات جیسے بڑے خطرے کے خلاف جاری جنگ میں ایک اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔

مزید خبریں