پیرودھائی میں پولیس پارٹی پر فائرنگ، ایک ملزم ہلاک، دوسرا فرار
راولپنڈی(کرائم رپورٹر) راولپنڈی کے علاقے پیرودھائی میں رات گئے اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی میں ایک ملزم فائرنگ کے دوران ہلاک ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہو گیا۔ ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت ولید کے نام سے ہوئی ہے جو ایک روز قبل 15 سالہ لڑکے کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کے مقدمے میں مطلوب تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ولید قتل کی واردات کے بعد روپوش تھا اور اس کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔ پولیس پارٹی علاقے میں اسنیپ چیکنگ پر مامور تھی کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے آ کر فائرنگ شروع کر دی۔ واقعے کے بعد اعلیٰ پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے اور فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے پولیس پارٹی کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال اور پولیس پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔
بوگس 15 کال پر کارروائی، جھوٹا واقعہ رپورٹ کرنے والا گرفتار
تھانہ چکلالہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر جھوٹی اطلاع دینے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔ ملزم نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کا موبائل نامعلوم شخص چھین کر فرار ہو گیا ہے، تاہم پولیس کی موقع پر تحقیقات سے معلوم ہوا کہ مذکورہ شخص نے خود اپنے جاننے والے کو موبائل فروخت کیا تھا اور کسی بھی قسم کی واردات پیش نہیں آئی تھی۔
پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ایس پی پوٹھوہار طلحہ ولی نے کہا کہ 15 ہیلپ لائن عوام کی سہولت کے لیے ہے اور اس کا غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: اے این ایف کا تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک بھر میں منشیات کے خلاف بڑا آپریشن، 9 ملزمان گرفتار
منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں، 2 افراد گرفتار
راولپنڈی پولیس نے منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں دو اہم گرفتاریاں کی ہیں۔ ویسٹریج پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 2 کلو 400 گرام چرس برآمد کی، جبکہ نصیرآباد پولیس نے ایک اور ملزم کو گرفتار کر کے 1 کلو 520 گرام چرس برآمد کی۔ دونوں مقدمات درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
شراب اور ناجائز اسلحہ رکھنے والے پانچ افراد گرفتار
راولپنڈی پولیس نے ایک اور کارروائی میں پانچ افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے 19 لیٹر شراب اور ناجائز اسلحہ بمعہ ایمونیشن برآمد کر لیا۔ یہ گرفتاریاں تھانہ سٹی، صادق آباد، دھمیال، ویسٹریج، کہوٹہ اور کلر سیداں کے علاقوں میں کی گئیں۔ متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
ڈویژنل ایس پیز نے بیان دیا کہ ناجائز اسلحہ اور منشیات رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔