اسلام آباد (ایم اے شام) آزاد جموں و کشمیر میں تعینات وفاقی پولیس اہلکار کو یرغمال بنائے جانے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ یہ پولیس اہلکار حکومت آزاد کشمیر کی درخواست پر امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے بھیجے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق، کشمیر ایکشن کمیٹی نے ان اہلکاروں کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ اس واقعے نے نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے بلکہ وفاقی اور آزاد کشمیر حکومتوں کے درمیان ایک نیا بحران بھی پیدا کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق چند روز قبل ہی رپورٹ میں خبردار کیا گیا تھا کہ آزاد کشمیر میں تعینات وفاقی پولیس اہلکاروں کو جان کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ اب ان خدشات کی تصدیق اس افسوسناک واقعے سے ہو چکی ہے۔
مزید پڑھیں: اے این ایف کا تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک بھر میں منشیات کے خلاف بڑا آپریشن، 9 ملزمان گرفتار
حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی فوری تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، اور تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ یرغمال اہلکار کو بحفاظت بازیاب کرایا جا سکے۔
ادھر سیکیورٹی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات نہ صرف ریاستی اداروں کی ساکھ پر سوال اٹھاتے ہیں بلکہ آزاد کشمیر میں جاری کشیدگی کو بھی مزید ہوا دے سکتے ہیں۔