جمعرات,  02 اکتوبر 2025ء
راولپنڈی: پیرودھائی میں پولیس کے ساتھ مقابلے میں مطلوب ملزم ہلاک، ساتھی فرار

راولپنڈی (عرفان حیدر) پیرودھائی کے علاقے میں رات گئے موٹر سائیکل سوار ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک ملزم موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی فائرنگ کرتا ہوا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق، واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس کی ایک پارٹی سنیپ چیکنگ کے لیے علاقے میں موجود تھی۔ اچانک دو ملزمان موٹر سائیکل پر پہنچے اور پولیس کو دیکھتے ہی بلا اشتعال فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے جوابی کارروائی میں ایک ملزم کو ہلاک کر دیا۔

ہلاک شدہ ملزم کی شناخت ولید کے نام سے ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ولید صرف ایک روز قبل ایک 15 سالہ لڑکے کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کے مقدمے میں مطلوب تھا۔ ملزم لڑکے کے قتل کے بعد فرار ہو گیا تھا جس کی گرفتاری کے لیے پولیس نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سینئر پولیس افسران موقعے پر پہنچ گئے۔ ہلاک ملزم کے ساتھی کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی میں مختلف جرائم پر پولیس کی موثر کارروائیاں، قاتل اور اشتہاری گرفتار

اسی موقع پر سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے ملزمان کی فائرنگ کے باوجود بہادری سے فرائض کی ادائیگی پر ایس پی راولپنڈی، ڈی ایس پی سٹی اور پیرودھائی پولیس کی ٹیم کو شاباش دی ہے۔

سی پی او کے مطابق شہریوں کی جان و مال اور پولیس پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے ہرگز نہیں بچ سکتے۔

مزید خبریں