بدھ,  01 اکتوبر 2025ء
راولپنڈی پولیس کی موثر کارکردگی، عدالتوں سے سنگین جرائم میں ملوث مجرمان کو سزائیں
راولپنڈی پولیس کی موثر کارکردگی، عدالتوں سے سنگین جرائم میں ملوث مجرمان کو سزائیں

قوت سماعت و گویائی سے محروم خاتون سے زیادتی پر مجرم کو عمر قید

راولپنڈی(کرائم رپورٹر) راولپنڈی کی عدالت نے ایک حساس مقدمے میں فیصلہ سناتے ہوئے قوت سماعت و گویائی سے محروم خاتون سے زیادتی کرنے والے مجرم منصور وحید کو عمر قید کی سزا سنا دی۔ عدالت نے ملزم پر 1 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ یہ مقدمہ مئی 2023 میں تھانہ کلر سیداں میں درج کیا گیا تھا۔ ٹھوس شواہد اور مقدمے کی مؤثر پیروی کے باعث عدالت نے مجرم کو قرار واقعی سزا دی۔ سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے مقدمہ کی شاندار تفتیش پر ایس ایس پی انویسٹیگیشن، تفتیشی افسران اور لیگل ٹیم کو شاباش دی۔

منشیات فروشوں کو مجموعی طور پر 56 سال قید اور لاکھوں روپے جرمانے

راولپنڈی کی مختلف عدالتوں نے منشیات فروشی میں ملوث پانچ افراد کو سزائیں سنائیں۔ مجرم بادشاہ رحمان کو 9 سال قید اور 4 لاکھ روپے جرمانہ، طارق محمود کو 9 سال قید اور 1 لاکھ روپے جرمانہ، جبکہ واجد حسین کو 9 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانہ سنایا گیا۔ تینوں مقدمات اپریل 2025 میں تھانہ آر اے بازار، دھمیال اور گوجر خان میں درج کیے گئے تھے۔

اس کے علاوہ، معزز عدالت نے مجرم عمران خان کو 20 سال قید اور 8 لاکھ روپے جرمانے، اور مجرم وارث خان کو 9 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا دی۔ عمران خان سے 15 کلوگرام چرس دسمبر 2023 میں تھانہ صدر واہ، جبکہ وارث خان سے 1.7 کلوگرام چرس اپریل 2025 میں تھانہ واہ کینٹ پولیس نے برآمد کی تھی۔

سی پی او راولپنڈی نے کہا کہ منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور ایسی سزاؤں سے معاشرے کو محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔

اقدام قتل اور ضرر کے مقدمے میں مجرم کو سات سال قید

تھانہ وارث خان میں درج اقدام قتل اور ضرر کے مقدمے میں عدالت نے مجرم عبدالوہاب کو مجموعی طور پر 7 سال قید اور 75 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ مجرم نے ذاتی رنجش پر ایک شہری پر فائرنگ کر کے اسے زخمی کیا تھا۔ مقدمہ اپریل 2023 میں درج کیا گیا تھا۔ عدالت نے ٹھوس شواہد اور مؤثر پیروی پر مجرم کو قرار واقعی سزا سنائی۔ سی پی او راولپنڈی نے اس کیس کی بھی مؤثر پیروی کرنے پر تفتیشی ٹیم کو سراہا۔

سی پی او راولپنڈی کا پیغام

سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ راولپنڈی پولیس کی جانب سے پیشہ ورانہ انداز میں مقدمات کی پیروی اور مضبوط شواہد کی بدولت عدالتوں سے مجرمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری رکھے گی تاکہ قانون کی حکمرانی قائم ہو اور شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

مزید خبریں