راولپنڈی(عرفان حیدر) انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف اہم کارروائیاں کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ تین مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 62.989 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، جن کی مالیت 49 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
تعلیمی اداروں کے اطراف کارروائیاں
پشاور رنگ روڈ کے قریب کارروائی کے دوران 2 ملزمان کے قبضے سے 3.6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ گرفتار افراد نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فراہم کرتے تھے۔
علامہ اقبال ایئرپورٹ پر کارروائی
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر بحرین جانے والے ایک مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران 1.5 کلوگرام آئس برآمد ہوئی، جس پر ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔
حیدرآباد میں کارروائی
حیدرآباد میں بین الصوبائی مسافر بس میں کارروائی کے دوران دو مسافروں کے سامان میں موجود پیپر رولرز کے اندر چھپائی گئی 57.6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ دونوں افراد کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
تمام کارروائیوں کے تحت انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، تعلیمی اداروں کے قریب کارروائیاں، 8 ملزمان گرفتار
اے این ایف کے مطابق تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات فروشی کی اطلاعات پر خصوصی مہم جاری ہے تاکہ نوجوان نسل کو اس ناسور سے محفوظ رکھا جا سکے۔