اسلام آباد(عرفان حیدر)انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا ہے۔ مختلف مقامات پر کی گئی 9 کارروائیوں کے دوران 8 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ مجموعی طور پر 12 کروڑ 45 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 115 کلوگرام منشیات برآمد کر لی گئی۔
تعلیمی اداروں کے قریب کی گئی کارروائیوں میں بھی اہم کامیابیاں حاصل ہوئیں۔ کامرہ روڈ اٹک کے قریب ایک ملزم کے قبضے سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جبکہ اسلام آباد کے کاک پل کے قریب ایک اور ملزم سے 1.2 کلوگرام چرس ضبط کی گئی۔ فیصل آباد کے جھنگ روڈ پر کارروائی کے دوران ایک ملزم سے 300 گرام آئس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ یہ منشیات تعلیمی اداروں کے طلباء کو فروخت کرتے تھے۔
دیگر کارروائیوں میں جناح ایئرپورٹ کراچی پر دبئی جانے والے مسافر کے سامان سے 290 الپرازولم، 400 ریوٹریل، 400 لیکسوٹینل اور 150 والیم گولیاں برآمد ہوئیں جن کا مجموعی وزن 383 گرام بتایا گیا۔ کراچی ہی میں ایک کوریئر آفس سے دبئی جانے والے پارسل کی تلاشی کے دوران 1 لاکھ 5 ہزار ٹراماڈول، 7500 زینیکس اور 17 ہزار والیم گولیاں برآمد کی گئیں، جس کے نتیجے میں ایک اور ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
مزید کارروائیوں کے دوران موٹر وے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب بس میں سوار ایک ملزم سے 13.5 کلوگرام پوست کا بھوسہ برآمد کیا گیا، جبکہ نیشنل ہائی وے حیدرآباد پر ایک اور بس میں سوار ملزم کے قبضے سے 9.6 کلوگرام چرس ضبط کی گئی۔ اسلام آباد کے موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی سے 1.8 کلوگرام چرس بھی برآمد ہوئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ پشین کے علاقے بوستان روڈ پر ایک بڑی کارروائی کے دوران 86 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔
مزید پڑھیں: ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن تنقید برداشت نہ کرسکے، صحافی کا نمبر بلاک کردیا
تمام کارروائیوں کے تحت انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور اے این ایف کی جانب سے ملک بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔