بدھ,  17  ستمبر 2025ء
راولپنڈی پولیس کی منشیات، جرائم اور ناجائز اسلحہ کے خلاف موثر کارروائیاں، متعدد ملزمان گرفتار اور عدالتوں سے سخت سزائیں

راولپنڈی (کرائم رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس نے منشیات کے خلاف موثر کارروائیاں کی ہیں جس کے دوران چار منشیات کے سپلائر گرفتار کیے گئے اور ساڑھے دس کلوگرام سے زائد چرس برآمد کی گئی۔ رتہ امرال پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرکے پانچ کلوگرام چرس برآمد کی، نصیرآباد پولیس نے ایک فرد کو گرفتار کرکے دو کلو 400 گرام چرس برآمد کی، واہ کینٹ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرکے ایک کلو 660 گرام چرس ضبط کی اور گوجرخان پولیس نے بھی ایک شخص کو گرفتار کرکے ایک کلو 650 گرام چرس برآمد کی۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ نیوٹاؤن پولیس نے سٹریٹ کرائم اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جس کے قبضے سے مسروقہ موٹر سائیکل، 14 ہزار روپے نقدی اور اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ ایس پی راول سعد ارشد نے بتایا کہ گرفتار ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا اور شہریوں کے قیمتی اثاثوں کو نقصان پہنچانے والوں کو قانون کی گرفت سے کوئی بچا نہیں سکتا۔ تھانہ سول لائنز پولیس نے ذاتی رنجش کی بنیاد پر خنجر کے وار سے شہری کو زخمی کرنے والے اشتہاری کو گرفتار کرلیا ہے، جس کے خلاف مقدمہ اکتوبر 2024 میں درج کیا گیا تھا۔ گرفتار ملزم چالان کے لیے عدالت پیش کیا جائے گا۔ وارث خان پولیس نے 15 پر زمین پر قبضہ کی جھوٹی کال کرنے والے شخص کو بھی گرفتار کیا، جہاں تحقیقات کے دوران تنازعہ موٹر سائیکل کھڑا کرنے پر پایا گیا۔ ایس پی راول سعد ارشد نے کہا کہ عوام کے لیے ایمرجنسی نمبر 15 کا غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ راولپنڈی پولیس نے مختلف تھانوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 7 افراد کو گرفتار کیا اور مجموعی طور پر 87 لیٹر شراب برآمد کی۔ تھانہ بنی پولیس نے تین افراد کو گرفتار کرکے 28 لیٹر شراب برآمد کی، پیرودھائی پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کیا اور 20 لیٹر شراب ضبط کی، وارث خان پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرکے 20 لیٹر شراب برآمد کی اور گوجرخان پولیس نے دو افراد کو گرفتار کرکے 19 لیٹر شراب ضبط کی۔ ڈویژنل ایس پیز نے کہا کہ منشیات اور ناجائز شراب کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ناجائز اسلحہ رکھنے والے افراد کے خلاف بھی راولپنڈی پولیس نے کارروائیاں کیں اور 10 افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ سمیت ایمونیشن برآمد کی۔ یہ کارروائیاں مختلف علاقوں میں کی گئیں اور پولیس نے کہا کہ ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔

مزید پڑھیں: اے این ایف کا منشیات فروشوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 3 کارروائیوں میں 5 ملزمان گرفتار، 14 کلوگرام منشیات برآمد

وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق سی پی او سید خالد ہمدانی نے تھانہ کینٹ اور سٹی ٹریفک ہیڈکوارٹر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں چیف ٹریفک آفیسر، ایس پی پوٹھوہار، ایس پی ہیڈکوارٹرز، ایس ڈی پی او کینٹ، ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران بھی موجود تھے۔ کھلی کچہری میں سول سوسائٹی، انجمن تاجران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سی پی او نے شہریوں کے مسائل سن کر فوری حل کے احکامات جاری کیے اور کہا کہ سروس ڈیلیوری، میرٹ اور قانون کی بالا دستی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ شہریوں نے ٹریفک کے مسائل کے حوالے سے بات کی، جس پر سی پی او نے صادق آباد، مری روڈ، راجہ بازار، ٹینچ بازار اور گرجا روڈ پر ٹریفک نفری بڑھانے اور بہترین ٹریفک منیجمنٹ کے اقدامات کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی تمام شاہراہوں پر شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کے روانی کو یقینی بنایا جائے گا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ انجمن تاجران نے کہا کہ راولپنڈی میں جرائم کی شرح میں واضح کمی آئی ہے، سٹریٹ کرائم اور کار چوری پر کنٹرول سے کاروباری سرگرمیاں بہتر ہوئی ہیں اور اس میں پولیس خاص طور پر سی پی او کی محنت قابل تحسین ہے۔

راولپنڈی پولیس کی موثر کارکردگی کے باعث معزز عدالتوں نے تین منشیات سپلائرز کو مجموعی طور پر 33 سال قید اور 6 لاکھ 80 ہزار روپے جرمانے کی سزائیں سنائیں۔ عدالت نے شاہ زیب عباس کو 15 سال قید اور 4 لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی جو جولائی 2024 میں 5 کلو 500 گرام چرس کے ساتھ گرفتار ہوا تھا۔ محمد وصال کو 9 سال قید اور 2 لاکھ روپے جرمانہ ہوا جبکہ ظاہر شاہ کو 9 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانہ سنایا گیا۔ ان مجرموں کو سخت شواہد کی بنیاد پر سزا دی گئی۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن اور تفتیشی و قانونی ٹیموں کو شاباش دی اور کہا کہ منشیات کے خلاف تمام اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

مزید خبریں