اسلام آباد(عرفان حیدر) انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں، ہوائی اڈوں اور تعلیمی اداروں کے اطراف میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 8 کارروائیوں میں 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں 3 نائجیرین باشندے بھی شامل ہیں۔
اے این ایف ترجمان کے مطابق، کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 71 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، جن کی مالیت 1 کروڑ 55 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
تعلیمی اداروں میں کارروائیاں
اٹک کے فتح جنگ روڈ کے قریب ایک گاڑی سے 2.400 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جب کہ ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ یہ منشیات تعلیمی اداروں کے طلباء کو فروخت کرتا تھا۔
ایئرپورٹس اور کوریئر دفاتر میں کامیاب چھاپے
-
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کارگو شیڈ میں کینیڈا بھیجے جانے والے پارسل سے قالین میں جذب 26.55 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔
-
راولپنڈی کے ایک کوریئر آفس میں برطانیہ سے آنے والے پارسل سے 30 گرام ویڈ برآمد ہوئی۔
-
لاہور ایئرپورٹ پر امریکا سے آنے والے پارسل سے 2 کلوگرام ویڈ برآمد کی گئی۔
-
جناح ایئرپورٹ کراچی سے آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل میں جیکٹ میں چھپائی گئی 8.44 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔
-
مہران ٹاؤن کراچی کے کوریئر آفس سے کینیڈا بھیجے جانے والے پارسل میں جیکٹ میں جذب 5.026 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔
غیر ملکی باشندے اور دیگر گرفتاریاں
اسلام آباد کے بیلا روڈ کے قریب کارروائی میں ایک خاتون سمیت 3 نائجیرین باشندوں کے قبضے سے 700 گرام آئس اور 50 گرام کوکین برآمد کی گئی۔
موٹر وے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ایک بس سے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 26.400 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔
مزید پڑھیں: کراچی: اے این ایف کی بڑی کارروائی، آسٹریلیا اسمگل کی جانے والی آئس کی بھاری مقدار ضبط
ترجمان اے این ایف نے کہا ہے کہ ملک بھر میں منشیات کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔