راولپنڈی (عرفان حیدر) تھانہ دھمیال کے علاقے میں خاتون کے جھلس کر جاں بحق ہونے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس کے مطابق متوفیہ کا دیور گرفتار کرلیا گیا ہے اور مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
دو روز قبل پیش آنے والے اس واقعہ کو ملزمان نے پہلے کمپریسر پھٹنے کا حادثہ قرار دینے کی کوشش کی، تاہم ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ خاتون کو پٹرول چھڑک کر آگ لگائی گئی۔
مزید پڑھیں: لاہور میں شوہر اپنی بیوی کا زیور چرانے کے الزام میں گرفتار
واقعہ کی اطلاع پر سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ کے اندراج اور ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ خاتون کی نعش کا پوسٹ مارٹم کرایا جاچکا ہے اور فرانزک و پوسٹ مارٹم رپورٹس کی روشنی میں وجہ موت کا حتمی تعین کیا جائے گا۔
سی پی او کا کہنا ہے کہ خواتین کے خلاف جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دلائی جائے گی۔