اسلام آباد (عرفان حیدر سے) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے بڑی کامیابی حاصل کر لی۔ مجموعی طور پر 7 مختلف کارروائیوں کے دوران 239 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کی گئی، جن کی مالیت تقریباً 4 کروڑ 22 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے، جبکہ 8 ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
تعلیمی اداروں کے قریب کارروائیاں
ہتار روڈ، ہری پور میں ایک یونیورسٹی کے قریب اے این ایف نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم سے 400 گرام چرس برآمد کی۔ گرفتار ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فراہم کرتا تھا۔
دیگر بڑی کارروائیاں
پشاور کے قریب جی ٹی روڈ پر ایک گاڑی سے 46.800 کلوگرام افیون، 26.400 کلوگرام چرس، 2 کلوگرام آئس اور 1 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی، جبکہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
اسلام آباد کے گولڑہ موڑ کے قریب گاڑی سے 7.200 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جس میں ملوث تین ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔
فیض آباد، اسلام آباد میں ایک ملزم کے قبضے سے 2.400 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
لاہور کے نیازی اڈہ کے قریب ایک موٹر سائیکل سوار کے قبضے سے 13.200 کلوگرام چرس اور 2.400 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔
شیخوپورہ کے قریب گرین ویلی میں ایک اور موٹر سائیکل سوار سے 13.200 کلوگرام افیون، 3.600 کلوگرام چرس، 280 گرام آئس اور 1 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔
بلوچستان کے علاقے نوکنڈی، چاغی میں زمین میں چھپائی گئی 120 کلوگرام افیون بھی اے این ایف نے برآمد کر لی۔
تمام کارروائیاں انسداد منشیات ایکٹ کے تحت کی گئیں ہیں، اور ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اے این ایف کے ترجمان کے مطابق ادارہ ملک بھر میں منشیات کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، اور نوجوانوں کو نشے سے محفوظ رکھنے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
مزید پڑھیں: اے این ایف کی بڑی کارروائی، 25 کلو گرام “آئس” برآمد، منشیات اسمگل کرنے والا گروہ گرفتار