جمعرات,  04  ستمبر 2025ء
اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، غیرملکی سمیت 12 ملزمان گرفتار

اسلام آباد (کرائم رپورٹر) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں کے اطراف میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے 9 مختلف آپریشنز میں ایک غیر ملکی اور چار خواتین سمیت 12 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ کارروائیوں کے دوران 187.500 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، جن کی مارکیٹ مالیت 3 کروڑ 33 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔

تعلیمی اداروں کے اطراف کارروائیاں

فیصل آباد کے علاقے ماناوالا میں یونیورسٹی کے قریب ایک ملزم کے قبضے سے 1.5 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جب کہ لہتراڑ روڈ، اسلام آباد کے قریب ایک اور ملزم سے 214 گرام چرس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزم نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فراہم کرتا تھا۔

دیگر مقامات پر کارروائیاں

  • اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ کے قریب ایک مسافر وین سے زامبیا کا باشندہ گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 66 گرام کوکین برآمد ہوئی۔

  • سیالکوٹ کے سترہ بازار کے قریب موٹر سائیکل اور رکشہ سوار دو افراد سے 12 کلو افیون اور 18 کلو چرس برآمد ہوئی۔

  • ڈرائی پورٹ روڈ سیالکوٹ پر موٹرسائیکل سوار ایک مرد اور خاتون سے 1.3 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔

  • سیالکوٹ بس اسٹینڈ پر بھی ایک مرد اور خاتون سے 1.2 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

  • گلبرگ روڈ پشاور میں موٹرسائیکل سوار ایک شخص کے قبضے سے 60 ایکسٹیسی گولیاں برآمد ہوئیں۔

  • اقبال شہید ٹول پلازہ اٹک کے قریب دو مسافر خواتین سے 3.6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

  • پینا ماشکیل کے قریب ایک لاوارث گاڑی کے فیول ٹینک میں چھپائی گئی 150 کلوگرام افیون برآمد کی گئی۔

اے این ایف حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔

ادارے کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری رہے گا اور ملک کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے مربوط اقدامات جاری رہیں گے۔

مزید خبریں