پیر,  01  ستمبر 2025ء
اسلام آباد پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن، 28 گرفتار، منشیات و اسلحہ برآمد

اسلام آباد(سعد عباسی) وفاقی دارالحکومت میں جرائم کے خاتمے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اسلام آباد پولیس کا بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ پولیس نے مختلف کارروائیوں میں 15 اشتہاری مجرمان سمیت 28 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کے خصوصی احکامات پر مختلف تھانوں کی پولیس ٹیموں نے منشیات، اسلحہ اور دیگر جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں کیں۔ تھانہ آبپارہ، سیکرٹریٹ، بارہ کوہ، کوہسار، مارگلہ، شالیمار، انڈسٹریل ایریا، سبزی منڈی، نون، کھنہ، پھلگراں اور شہزاد ٹاؤن پولیس نے 13 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے:

  • 4,255 گرام ہیروئن

  • 1,015 گرام آئس

  • 105 گرام چرس

  • 80 بوتلیں شراب

  • مختلف بور کے 4 پستول بمعہ ایمونیشن

برآمد کر لیے۔

گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق مجرمان اشتہاری اور عدالتی مفروران کی گرفتاری کے لیے جاری خصوصی مہم کے دوران 15 اشتہاری مجرمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔

مزید پڑھیں: پشاور میں خفیہ آپریشن: بھارتی فوج کا حاضر سروس میجر “داؤد شاہ” کے روپ میں گرفتار

ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد محمد شعیب خان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ کسی کو بھی امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ تھانے یا ایمرجنسی ہیلپ لائن “پکار-15” پر دیں تاکہ پولیس اور عوام کے باہمی تعاون سے شہر کو جرائم سے پاک کیا جا سکے۔

مزید خبریں