اسلام آباد روشن پاکستنا نیوز) بحریہ ٹاؤن فیز تھری کے معروف کمرشل منصوبے سفاری ویو پلازہ پر قبضے کی کوشش کا انکشاف ہوا ہے۔ پلازہ کے مالک، اوورسیز پاکستانی فہیم احمد ہاشمی نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے سابق پارٹنر طحہ ارشد، موجودہ کرایہ دار ناصر ولد عبد الستار اور ایک نجی اسکول کے مالک یاسر ان کی قانونی ملکیت پر قبضہ کرنے کے درپے ہیں۔فہیم احمد ہاشمی کے مطابق، انہوں نے کورنگ ٹاؤن میں طحہ ارشد کے ساتھ شراکت داری میں پلازہ تعمیر کیا۔ تین پلاٹوں پر مشتمل اس عمارت میں دو پلاٹ فہیم کے اور ایک پلاٹ طحہ ارشد کا تھا۔ بلڈنگ کے گرے اسٹرکچر کی تعمیر میں طحہ نے معمولی سرمایہ کاری کی، جبکہ تمام فرنشنگ اور باقی تعمیراتی اخراجات فہیم احمد نے خود برداشت کیے۔ 2008 میں طحہ ارشد نے فہیم احمد کو پلاٹ نمبر 4 (رقبہ 18 مرلہ) ڈھائی کروڑ روپے میں فروخت کیا۔ تاہم 2009 میں سوسائٹی کی جانب سے پلاٹ کی کینسلیشن کا نوٹس موصول ہوا۔ طحہ ارشد نے یقین دہانی کرائی کہ مسئلہ حل ہو گیا ہے، اور 2013 میں فہیم احمد کو پلاٹ کا فیزیکل پوزیشن لیٹر بھی جاری کیا گیا۔تاہم 2018 میں جب فہیم نے NDC (No Demand Certificate) کے لیے درخواست دی تو سوسائٹی نے دوبارہ کینسلیشن کا اعتراض اٹھا دیا۔ فہیم احمد نے 2022 میں عدالت سے رجوع کیا، جہاں اے سی رولر نے واضح طور پر سوسائٹی کو NDC جاری کرنے کا حکم دیا، مگر اس حکم پر تاحال عملدرآمد نہیں کیا گیا۔فہیم احمد کا الزام ہے کہ طحہ ارشد، ناصر اور یاسر ملی بھگت سے ان کی پلازہ پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق طحہ ارشد کے ساتھ زبانی معاہدہ تھا کہ جب تک وہ فروخت کردہ پلاٹ کا مکمل کلیئرنس نہیں دیتے، تب تک طحہ کی دو گراؤنڈ فلور اور چار بیسمنٹ کی دکانیں فہیم کے قبضے میں رہیں گی۔صورتحال اس وقت سنگین ہو گئی جب ناصر ولد عبد الستار نے، جو پلازہ میں ہاسٹل چلا رہا ہے، ہاسٹل کے طلبہ کو اکسا کر فہیم کے دفتر پر حملہ کروا دیا۔ ان طلبہ میں اکثریت افغان اور پٹھان نوجوانوں کی تھی جو تعلیم کی غرض سے وہاں مقیم ہیں۔ حملے کے دوران سامان لوٹا گیا، توڑ پھوڑ کی گئی اور دھمکیاں دی گئیں۔فہیم احمد نے فوری طور پر تھانہ لوہی بیر پولیس سے مدد طلب کی۔ ایس ایچ او فواد خالد، ایڈیشنل ایس ایچ او شہزاد، متعلقہ ڈی ایس پی اور ایس پی موقع پر پہنچے اور کارروائی کی۔ ایس ایچ او فواد خالد دورانِ کارروائی زخمی بھی ہوئے۔ فہیم احمد نے پولیس ٹیم، بالخصوص فواد خالد کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔اہل علاقہ نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سراسر ظلم ہے کہ ایک اوورسیز پاکستانی کی قانونی جائیداد پر ناجائز قبضے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مکینوں نے مطالبہ کیا کہ:غیر قانونی قابضین اور حملہ آوروں کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔سوسائٹی کو پابند کیا جائے کہ وہ عدالت کے احکامات کے مطابق فوری NDC جاری کرے۔پولیس ذرائع کے مطابق معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔ تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے، اور قانونی شواہد کی روشنی میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ آئندہ کسی معزز شہری کے ساتھ اس نوعیت کی ناانصافی نہ ہو۔ فہیم احمد ہاشمی کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانی قوانین پر مکمل یقین رکھتے ہیں اور انصاف کی فراہمی کے لیے پرامید ہیں۔
