سیالکوٹ(روشن پاکستان نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے منشیات اسمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گروہ کے دو کارندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جانے والے ایک مسافر کے جسم سے 40 کوکین بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے۔ اے این ایف حکام کے مطابق برآمد شدہ کیپسولز سے مجموعی طور پر 230 گرام اعلیٰ کوالٹی کی کوکین حاصل کی گئی۔
ملزم کو فوری طور پر حراست میں لے کر طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کے پیٹ سے کیپسولز نکال لیے گئے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اپنے ساتھی سہولت کار کا انکشاف کیا، جسے اے این ایف نے ایئرپورٹ کی پارکنگ سے گرفتار کر لیا۔
اے این ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ عمرہ جیسے مقدس سفر کو منشیات اسمگلنگ جیسے قبیح جرم کے لیے استعمال کرنا انتہائی شرمناک اور افسوسناک ہے۔ ادارہ منشیات کی بیرونِ ملک ترسیل روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں: اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 4 گرفتار، بھاری مقدار میں منشیات برآمد
ترجمان نے مزید کہا کہ اے این ایف منشیات اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے کاربند ہے اور جدید ٹیکنالوجی، خفیہ اطلاعات، اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے ذریعے ملک بھر اور بین الاقوامی سطح پر منشیات نیٹ ورکس کے خلاف سرگرم عمل ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور توقع ہے کہ جلد ہی اس گروہ کے مزید کارندے بھی قانون کی گرفت میں آ جائیں گے۔