اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) راولپنڈی/اسلام آباد کے سینئر صحافی سعادت رشید کو فون کال کے ذریعے جان سے مارنے اور ان کی بیٹی کو نقصان پہنچانے کی سنگین دھمکیاں دینے والے ملزم کو تھانہ کھنہ اسلام آباد پولیس نے گرفتار کر لیا۔ مقدمہ نمبر 251/25 جرم 25-D ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت درج کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزم محمد آفاق احمد ولد راجہ ممتاز احمد، سکنہ صادق آباد راولپنڈی، نے صحافی سعادت رشید کو فون پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ پولیس نے ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد محمد شعیب اور ایس پی سوہان خرم اشرف کی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ کھنہ عامر حیات کی نگرانی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی، جس میں اے ایس آئی محمد افضل باجوہ نے ٹیکنیکل بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو ٹریس کیا اور گرفتار کر کے چالان عدالت پیش کر دیا۔
ذرائع کے مطابق صحافی سعادت رشید کی گزشتہ پانچ سال سے اپنی اہلیہ آصفہ قریشی بنت محمد رفیق قریشی سے علیحدگی ہے، اور ان کی بیٹی والدہ کے ساتھ کٹاریاں، راولپنڈی میں رہائش پذیر ہے۔ سعادت رشید، عدالتی حکم کے تحت اپنی بیٹی سے ملاقات کے لیے جاتے تھے، تاہم ان کی سابقہ بیوی مبینہ طور پر پہلے بھی اپنے جاننے والوں کے ذریعے انہیں ہراساں کرواتی رہی ہیں۔
حالیہ واقعے میں آصفہ قریشی پر الزام ہے کہ انہوں نے محمد آفاق احمد کو سعادت رشید کو دھمکی آمیز فون کال کرنے کے لیے اکسایا۔ پولیس تفتیش کے دوران ملزم محمد آفاق احمد نے اعتراف کیا کہ اس نے یہ کال آصفہ قریشی کے کہنے پر کی۔
صحافی برادری نے تھانہ کھنہ اسلام آباد کی بروقت اور موثر کارروائی پر آئی جی اسلام آباد اور پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور مطالبہ کیا کہ صحافیوں کے تحفظ کے لیے مزید سخت اقدامات کیے جائیں۔