لاہور ( روشن پاکستان نیوز) اسلام پورہ پولیس نے موٹر سائیکل چوری میں ملوث ایک بڑے نیٹ ورک کا سراغ لگاتے ہوئے ایڈوکیٹ چوہدری ضیغم افتخار کو گرفتار کر لیا ہے، جو سیشن کورٹ لاہور سے موٹر سائیکل چوروں کے سرغنہ کے طور پر رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔
پولیس کے مطابق چوہدری ضیغم افتخار نہ صرف سیشن کورٹ، سول کورٹ اور ایوانِ عدل کے احاطے سے موٹر سائیکلیں چوری کرواتے تھے بلکہ انہوں نے اس کام کے لیے ماہر اور سیانے چور بھرتی کر رکھے تھے۔ چوری شدہ موٹر سائیکلیں ان کے گھر پہنچائی جاتیں، جہاں وہ قانونی مہارت کا غلط استعمال کرتے ہوئے جعلی کاغذات تیار کر کے ان گاڑیوں کو قانونی حیثیت دے دیتے تھے۔
کارروائی کے دوران پولیس نے ان کے قبضے سے 22 چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لی ہیں۔ اسلام پورہ تھانے کی اس کارروائی کو پولیس حکام نے ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے، جو عدالتی احاطوں میں ہونے والی مجرمانہ سرگرمیوں پر ایک سنجیدہ سوالیہ نشان بھی چھوڑتی ہے۔
مزید پڑھیں: اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 4 گرفتار، بھاری مقدار میں منشیات برآمد
پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش جاری ہے اور اس نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔