هفته,  16  اگست 2025ء
اسلام آباد پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن، 18 ملزمان گرفتار

اسلام آباد(سعد عباسی)  وفاقی دارالحکومت میں جرائم کے انسداد اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اسلام آباد پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن جاری ہے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کے خصوصی احکامات پر جاری اس مہم میں مختلف تھانوں کی پولیس ٹیموں نے کاروائیاں کرتے ہوئے 18 جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کر لیا، جن میں سنگین جرائم میں ملوث 7 اشتہاری مجرمان بھی شامل ہیں۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق تھانہ سمبل، کھنہ، ہمک، بہارہ کہو اور شہزاد ٹاؤن پولیس نے 11 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 3139 گرام آئس، مختلف بور کے 6 پستول بمعہ ایمونیشن اور ایک خنجر برآمد کر لیا ہے۔ تمام گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔

اسی طرح اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروران کی گرفتاری کے لیے چلائی جانے والی خصوصی مہم کے دوران 7 مجرمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

ایس ایس پی آپریشنز محمد شعیب خان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر وقت متحرک ہے اور کسی کو بھی امن عامہ میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مزید پڑھیں: اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن، 6 کارروائیوں میں 8 ملزمان گرفتار

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ تھانے یا ایمرجنسی ہیلپ لائن “پکار 15” پر دیں تاکہ پولیس اور عوام کے باہمی تعاون سے اسلام آباد کو جرائم سے پاک شہر بنایا جا سکے۔

مزید خبریں