هفته,  09  اگست 2025ء
کڑیانوالہ: جعلی نکاح، نازیبا ویڈیوز و تصاویر کے ذریعے بلیک میلنگ – جعلی پیر ڈاکٹر شمس الرحمان کے خلاف مقدمہ درج، ملزم گرفتار
کڑیانوالہ: جعلی نکاح، نازیبا ویڈیوز و تصاویر کے ذریعے بلیک میلنگ – جعلی پیر ڈاکٹر شمس الرحمان کے خلاف مقدمہ درج، گرفتار

کڑیانوالہ (منصور ظفر) – تھانہ کڑیانوالہ کے علاقہ آعوان شریف میں ایک نوجوان لڑکی کو جعلی نکاح نامے اور نازیبا ویڈیوز و تصاویر کے ذریعے بلیک میل کرنے والے جعلی پیر اور مبینہ جعلی ستارہ شناس ڈاکٹر شمس الرحمان کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔

متاثرہ لڑکی، جو آعوان شریف کی رہائشی ہے، برنالہ کے ایک نجی اسپتال میں انٹرن شپ کر رہی تھی۔ لڑکی کے مطابق ڈاکٹر شمس الرحمان نے اسے ستاروں کا علم سکھانے کے بہانے اپنے جال میں پھنسایا، تعلقات قائم کیے، اور پھر اس کے انگوٹھے لے کر جعلی نکاح نامہ تیار کر لیا۔

بعد ازاں، ملزم نے نازیبا ویڈیوز اور تصاویر بنا کر لڑکی کو بلیک میل کرنا شروع کر دیا۔ لڑکی نے بتایا کہ شمس الرحمان نے اسے اور اس کے والدین کو دھمکیاں دیں کہ اگر انہوں نے 25 لاکھ روپے ادا نہ کیے تو وہ یہ مواد انٹرنیٹ پر اپلوڈ کر دے گا، جس سے ان کی عزت خاک میں مل جائے گی۔

متاثرہ لڑکی کے مطابق بلیک میلنگ کا یہ سلسلہ کئی ماہ تک جاری رہا، جس کے بعد بالآخر ہمت کرکے پولیس کو درخواست دی گئی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ نمبر C/3574 مورخہ 31 جولائی 2025 کو درج کیا۔ ملزم پر دفعات 376 (زیادتی)، 292 (فحش مواد کی اشاعت)، 420 (دھوکہ دہی) اور 25-D ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج: اڈیالہ جیل کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات، کئی کارکنان گرفتار

ذرائع کے مطابق، پولیس نے ملزم شمس الرحمان کو گرفتار کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ متاثرہ خاندان نے حکام سے اپیل کی ہے کہ ملزم کو سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی شخص اس قسم کی مکروہ حرکت کرنے سے پہلے سو بار سوچے۔

مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری ہے۔

مزید خبریں