اسلام آباد (منصور ظفر) — اعوان شریف، تحصیل و ضلع گجرات کے رہائشی ڈاکٹر شمس الرحمان ولد عبدالغنی کے خلاف اُن کی اہلیہ کی جانب سے سنگین نوعیت کے الزامات پر مقامی تھانہ کڑیانوالہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
خاتون کی جانب سے جمع کروائی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈاکٹر شمس الرحمان نے اسے ورغلا کر، دھوکہ دہی سے ناجائز تعلقات قائم کیے۔ پولیس نے خاتون کی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے، جو پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 376 (زیادتی)، 292 (غیراخلاقی مواد کی اشاعت) اور 420 (دھوکہ دہی) کے تحت درج کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمے کی تحقیقات شفاف انداز میں کی جا رہی ہیں اور دونوں فریقین کے بیانات اور ثبوتوں کی روشنی میں قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔
دوسری جانب ڈاکٹر شمس الرحمان نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اپنا مؤقف بھی پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ:
“میری ہی بیوی نے مجھ پر زنا کا الزام لگا دیا ہے، حالانکہ میرے پاس نادرا کا رجسٹرڈ نکاح نامہ موجود ہے جو میں عدالت میں جمع کروا چکا ہوں۔ میرے پاس تمام ضروری ثبوت موجود ہیں، اور میں قانون کے مطابق اپنا دفاع کروں گا۔”
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج: اڈیالہ جیل کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات، کئی کارکنان گرفتار
واقعے کی اصل حقیقت کیا ہے؟ نکاح کب ہوا؟ اور الزامات میں کتنی صداقت ہے؟ یہ تمام پہلو تحقیقاتی عمل کے بعد ہی واضح ہو سکیں گے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ معاملہ حساس نوعیت کا ہے اور تحقیقات میرٹ پر مکمل کی جائیں گی۔