جمعرات,  07  اگست 2025ء
پٹواری سرکاری ملازم ہوتا ہے، پرائیویٹ منشی رکھنا قانوناً جرم ہے: راولپنڈی میں اے سی سٹی کی بڑی کارروائی

راولپنڈی(فرحان جعفری) اسسٹنٹ کمشنر سٹی ایمان ظفر نے موضع کھنہ کاک کے پٹوار خانہ پر چھاپہ مار کر معطل پٹواری طلحہ کا پرائیویٹ منشی گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ پٹواری طلحہ نے محکمانہ معطلی کے باوجود ریکارڈ اپنے غیر قانونی قبضے میں رکھا ہوا تھا۔

کارروائی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کے بعد کی گئی جس میں پٹواری طلحہ کی مبینہ غیر قانونی سرگرمیاں منظر عام پر آئی تھیں۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد طلحہ کو معطل کر دیا گیا تھا، تاہم خفیہ اطلاعات پر اے سی سٹی نے کارروائی کرتے ہوئے پٹواری کے پرائیویٹ دفتر پر چھاپہ مارا۔

چھاپے کے دوران عبدالرحمٰن نامی شخص کو پٹواری طلحہ کا پرائیویٹ منشی پایا گیا، جو سرکاری ریکارڈ کی جانچ پڑتال کر رہا تھا۔ یہ عمل قانوناً جرم ہے کیونکہ پٹواری سرکاری عہدہ ہے اور اس کے معاونین بھی سرکاری ملازم ہونے چاہیے۔

کارروائی کے دوران پٹواری کا قبضے میں رکھا گیا ریکارڈ بھی برآمد کر لیا گیا۔

مزید پڑھیں: یومِ آزادی کے بینرز سے بانی پاکستان قائداعظم کی تصویر غائب، سوشل میڈیا صارفین کی ن لیگ پر شدید تنقید

گرداور صفدر حسین کی مدعیت میں عبدالرحمٰن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمے میں دھوکہ دہی (دفعہ 420) اور سرکاری حیثیت کی نقالی (دفعہ 170) شامل کی گئی ہیں۔

اے سی سٹی ایمان ظفر کا کہنا تھا کہ “پٹواری جیسے حساس عہدوں پر موجود افراد کا قانون سے بالاتر سمجھا جانا ناقابل قبول ہے۔ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔”

مزید تفتیش جاری ہے، اور دیگر ذمہ داران کے خلاف بھی کارروائی متوقع ہے۔

مزید خبریں