لاہور (روشن پاکستان نیوز) — لاہور پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی کولڈ ڈرنکس بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا اور معروف برانڈز کے نام پر تیار کی جانے والی ہزاروں بوتلیں، خطرناک کیمیکل، مشینری اور جعلی لیبلز برآمد کر لیے۔
ذرائع کے مطابق، فیکٹری میں غیر معیاری رنگ، مضر صحت فلیورز اور دیگر کیمیکلز کا استعمال کر کے مشہور برانڈز کی طرز پر کولڈ ڈرنکس تیار کی جا رہی تھیں، جنہیں گلی محلوں کی دکانوں اور چھوٹے فوڈ پوائنٹس پر سپلائی کیا جاتا تھا۔
کارروائی کے دوران پولیس کو موقع پر مکسنگ مشین، فلنگ مشین، اسٹوریج ٹینک، سلنڈرز، کیمیکل ڈرمز، ہزاروں جعلی لیبلز اور ناقص کوالٹی کی پلاسٹک بوتلیں بھی ملیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ دھندا ایک عرصے سے جاری تھا جس سے شہریوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق تھے۔ فیکٹری مالکان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: گجرات میں جعلی مشروبات کی فیکٹری پر فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ، سینکڑوں جعلی بوتلیں اور مشینری برآمد