هفته,  02  اگست 2025ء
راولپنڈی پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن، غیر قانونی پیوندکاری، منشیات، گداگری، اور اسلحہ کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات

راولپنڈی(کرائم رپورٹر)  سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس نے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے کئی اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ پولیس نے غیر قانونی انسانی اعضاء کی پیوندکاری، منشیات فروشی، غیر قانونی اسلحہ، پیشہ ور گداگری اور دیگر جرائم میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لیے ہیں۔

غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث گینگ گرفتار
تھانہ ائیرپورٹ پولیس نے 15 پر موصول ہونے والی اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث گینگ کو بے نقاب کیا۔ کارروائی کے دوران چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ پیوندکاری میں استعمال ہونے والے آلات بھی برآمد کر لیے گئے۔ متاثرہ شخص کو نوکری کا جھانسہ دے کر بلایا گیا تھا اور نشہ آور اشیاء دے کر نیم بیہوش کیا گیا تاکہ اس کا گردہ نکالا جا سکے۔ پولیس کے بروقت رسپانس سے ایک شخص کی جان بچائی گئی۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔

منشیات کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن
وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن “ڈرگ فری پنجاب” کے تحت راولپنڈی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے پانچ افراد کو گرفتار کیا۔ کلر سیداں پولیس نے ایک فرد سے 10 کلو 948 گرام چرس، وارث خان پولیس نے دو افراد سے 5 کلو 460 گرام چرس، ویسٹریج اور تھانہ سٹی پولیس نے دو افراد سے آئس برآمد کی۔ تمام ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

سرچ آپریشنز میں جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی
راولپنڈی کے مختلف علاقوں بشمول صادق آباد، نیوٹاؤن، بنی، وارث خان، سٹی، گنجمنڈی، رتہ امرال اور پیرودھائی میں سرچ آپریشنز کیے گئے۔ سرچ آپریشنز میں 111 گھروں، 90 دوکانوں، 46 ہوٹلوں، 2 گوداموں، 73 موٹر سائیکلوں اور 343 افراد کے کوائف کا اندراج کیا گیا۔ ان کارروائیوں میں مقامی پولیس، ایلیٹ فورس، لیڈیز پولیس اور دیگر اداروں نے حصہ لیا۔

پیشہ ور گداگروں کے خلاف کارروائیاں
شہر بھر میں پیشہ ور گداگروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران گزشتہ 20 روز میں 178 گداگروں کو حراست میں لیا گیا۔ سی پی او کے مطابق ان گداگروں میں سے کئی افراد جرائم جیسے چوری اور منشیات فروشی میں بھی ملوث پائے گئے ہیں۔ گداگری کی روک تھام کے لیے خصوصی اسکواڈ بھی تشکیل دیے گئے ہیں۔

شراب اور ناجائز اسلحہ برآمد
پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 68 لیٹر شراب اور ناجائز اسلحہ مع ایمونیشن برآمد کیا۔ رتہ امرال، روات، مورگاہ، گنجمنڈی اور گوجر خان پولیس نے 9 افراد کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لیے۔

ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق جرائم کے خاتمے، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔

مزید خبریں