راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) تھانہ نیوٹاؤن کے ایس ایچ او طیب ظہیر بیگ نے علاقے کے تمام ہاسٹل مالکان کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی، جس میں ہاسٹلز میں بڑھتی ہوئی وارداتوں اور سیکیورٹی کے دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
میٹنگ کے دوران ایس ایچ او نیوٹاؤن نے ہاسٹل مالکان کو ہدایت کی کہ وہ ہاسٹلز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں، باقاعدہ سیکیورٹی گارڈز ہائر کریں، ہوٹل آئی (Hotel Eye) سسٹم کا استعمال یقینی بنائیں، اور ہاسٹل میں رہائش پذیر تمام ملازمین و مکینوں کا آن لائن اندراج لازمی کروائیں۔ انہوں نے واضح ہدایت کی کہ کسی بھی افغانی باشندے کو ہاسٹل میں رہائش کی اجازت نہ دی جائے۔
ایس ایچ او نیوٹاؤن نے ہاسٹل مالکان کی روزمرہ شکایات بھی سنیں اور ان کے فوری حل کی یقین دہانی کروائی۔ ہاسٹل مالکان نے پولیس کے ساتھ تعاون بڑھانے کا عزم ظاہر کیا اور آئندہ کسی بھی غیرقانونی سرگرمی کی صورت میں مقامی پولیس کو بروقت اطلاع دینے کا وعدہ کیا۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس کی حراست میں ملزم کی ہلاکت، تھانہ ترنول کے 3 اہلکار گرفتار
آخر میں ہاسٹل مالکان نے ایس ایچ او طیب ظہیر بیگ کی کاوشوں کو سراہا اور ایک مؤثر و تعمیری میٹنگ کے انعقاد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔