1. باپ نے 3 سال تک اپنی ہی بیٹی کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا، گرفتاری عمل میں آئی
راولپنڈی (ایم اے شام) — واہ کینٹ کے علاقے سے انسانی شرم کو پامال کر دینے والا ایک ہولناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک باپ نے اپنی ہی 19 سالہ بیٹی کو گزشتہ تین سالوں سے جنسی تشدد کا نشانہ بنایا۔ ملزم محمد اسلم، جو پاکستان فوج کا ملازم ہے، کو متاثرہ لڑکی کی شکایت پر گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، متاثرہ نے اپنی والدہ اور بھائیوں کو اعتماد میں لے کر تھانے میں رپورٹ درج کروائی، جس کے بعد مقدمہ نمبر 701/25 درج کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس نے متاثرہ کا میڈیکل معائنہ بھی کروایا ہے۔ یہ واقعہ سننے کے بعد علاقے کے لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
2. بیٹے نے اپنی ماں کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی، گوجرخان میں مقدمہ درج
گوجرخان (نامہ نگار) — اسی طرح کا ایک اور المناک واقعہ گوجرخان کے نواحی گاؤں بھلوٹ سے سامنے آیا ہے، جہاں ایک بیٹے نے اپنی ہی ماں کے ساتھ جنسی زیادتی کی کوشش کی۔ متاثرہ خاتون نے تھانہ گوجرخان میں شکایت درج کروائی، جس پر پولیس نے فوری ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
ماہرین کا کہنا: “اخلاقی زوال، مغربی کلچر اور اسلامی تعلیمات سے دوری کا نتیجہ”
سماجی کارکنوں اور علماء کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات معاشرے میں بڑھتے ہوئے اخلاقی زوال کی واضح علامت ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جب نوجوان نسل اسلامی اقدار کو چھوڑ کر فحش مواد اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہو جائے گی، تو خاندانی رشتوں کا تقدس بھی ختم ہو جاتا ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کی تربیت اسلامی اصولوں کے مطابق کریں اور انہیں گمراہ کن مواد سے بچائیں۔