جمعرات,  31 جولائی 2025ء
راولپنڈی پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں، منشیات، گداگری، آتش بازی اور غیر قانونی اسلحہ میں ملوث متعدد افراد گرفتار

راولپنڈی(کرائم رپورٹر) سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ منشیات، گداگری، آتش بازی اور غیر قانونی اسلحہ و شراب کے خلاف مختلف تھانوں کی کارروائیوں میں متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران مندرہ پولیس نے دو افراد کو گرفتار کر کے 4 کلو 190 گرام چرس برآمد کی جبکہ روات پولیس نے ایک ملزم کو حراست میں لے کر 1 کلو 700 گرام چرس برآمد کی۔ تمام ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور پولیس کی جانب سے انہیں ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ سی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا ہے کہ منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات جاری رہیں گے۔

پیشہ ور گداگروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران گزشتہ 17 روز میں راولپنڈی شہر سے 160 گداگروں کو گرفتار کیا گیا۔ سی پی او نے بتایا کہ ان میں سے بیشتر گداگر چوری، منشیات فروشی اور دیگر جرائم میں ملوث پائے گئے ہیں۔ پیشہ ور گداگروں کی نگرانی اور گرفتاری کے لیے خصوصی اسکواڈ تشکیل دیے گئے ہیں اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق یہ مہم مسلسل جاری رہے گی۔

وارث خان پولیس نے آتش بازی کا سامان لے کر جانے اور فروخت کرنے والے دو افراد کو گرفتار کیا۔ ان کے قبضے سے 9 چائنہ پٹاخے، 13 پھولجھڑیاں، 8 ڈبیاں پٹاخہ شرلیاں اور 20 پٹاخہ بم برآمد ہوئے۔ دونوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ ایس پی راول محمد حسیب راجہ نے کہا کہ آتش بازی کے ذریعے شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔

شراب اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کے دوران چھ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ تھانہ چونترہ، واہ کینٹ، صادق آباد اور دھمیال پولیس نے مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 30 لیٹر شراب برآمد کی، جبکہ ویسٹریج اور نصیر آباد پولیس نے دو افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کیا۔ تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ ڈویژنل ایس پیز نے کہا ہے کہ ناجائز اسلحہ اور شراب رکھنے والے عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی جرائم کے خلاف بڑی کارروائیاں: منشیات، زیادتی، آتش بازی، گداگری، قتل اور ناجائز اسلحہ میں ملوث افراد گرفتار

مزید خبریں