اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) سوشل میڈیا پر پنجاب پولیس کے دو اہلکاروں کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس نے عوامی حلقوں میں شدید غم و غصے کو جنم دیا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں پولیس اہلکار ایک موٹرسائیکل پر سوار ہیں۔ حیرت انگیز طور پر موٹرسائیکل چلانے والا اہلکار ایک ہاتھ سے موبائل فون پکڑے کال پر مصروف ہے، جبکہ دوسرا ہاتھ ہینڈل پر ہے، جو نہ صرف ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ ایک خطرناک عمل بھی ہے۔
دونوں اہلکاروں نے حفاظتی ہیلمٹ بھی نہیں پہن رکھا، جو کہ ٹریفک قوانین کی ایک اور واضح خلاف ورزی ہے۔ عوام نے اس ویڈیو پر شدید ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر قانون نافذ کرنے والے ادارے خود قانون شکنی کریں گے تو عوام سے قانون پر عملدرآمد کی امید کیسے کی جا سکتی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور ان اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پنجاب پولیس کو پہلے ہی عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔ ایسے واقعات پولیس کے ادارے کی ساکھ کو متاثر کرتے ہیں اور قانون کی بالادستی پر سوالیہ نشان کھڑا کرتے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی تربیت اور نگرانی کے نظام کو مؤثر بنایا جائے تاکہ وہ نہ صرف قانون کے محافظ ہوں بلکہ اس پر عملدرآمد میں بھی مثال بنیں۔
مزید پڑھیں: سوشل میڈیا لائیو ایپس پر فحاشی کا پھیلانے والوں کیخلاف جلد کریک ڈائون!